کراچی: (دنیا نیوز) ماڈل و اداکارہ حمیرا اصغر کی لاش ملنے کا معاملہ، ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے کہا کہ واقعے کی بابت مختلف پہلوؤں سے تفتیش جاری ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا کا کہنا تھا کہ قتل، خودکشی، حادثہ اور فطری موت کے پہلوؤں کا جائزہ لیا جا رہا ہے، حمیرا اصغر کی لاش 9 ماہ پرانی ہے، میڈیکل رپورٹ میں ہی وجہ موت واضح ہوگی۔
انہوں نے کہا کہ موبائل فونز، لیپ ٹاپ اور ڈائری سے بھی کوئی اہم معلومات حاصل نہیں ہوئیں، فٹنس انسٹرکٹر سے رابطہ کر لیا گیا ہے، ادویات کے حوالے سے بھی تفتیش کی جا رہی ہے۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے کہا کہ اہل خانہ کی درخواست پر مقدمہ درج کیا جائیگا، حمیرا اصغر کے فلیٹ میں دروازوں پر اندر کی جانب کنڈی نہیں لگی ہوئی تھی، جو لاک دروازوں پر موجود ہیں وہ اندر اور باہر دونوں جانب سے لگائے جا سکتے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ تاحال ایسے شواہد نہیں ملے کہ دروازے باہر سے لاک کئے گئے ہوں، چوکیدار نے فلیٹ کے مکینوں کو تعفن کے حوالے سے آگاہ کیا تھا، فلیٹ کے مکینوں نے چوکیدار کے بتانے پر بھی کوئی ردعمل نہیں دیا۔
ڈی آئی جی ساؤتھ اسد رضا نے کہا ہے کہ تاحال واقعہ طبعی موت کا ہی ظاہر ہو رہا ہے، مزید جانچ جاری ہے۔