کراچی: (دنیا نیوز) اداکارہ حمیرا اصغر کی موت کی تحقیقات جاری، پولیس نے 10 سے زائد افراد کے بیان ریکارڈ کر لئے۔
بیان ریکارڈ کئے جانے والوں میں چوکیدار، قریبی دوست اور دیگر لوگ شامل ہیں، اداکارہ سے رابطے میں رہنے والے افراد کے سی ڈی آر نکالنے کا فیصلہ کر لیا گیا، اداکارہ کے رابطے میں افراد کی لوکیشن کیلئے ٹاور چیکنگ جاری ہے، لوکیشنز میچ کی جائیں گی۔
تحقیقاتی افسران نے 3 موبائل فونز اور ٹیبلٹ سے حاصل معلومات کا جائزہ لیا، فلیٹ سے ڈائری، یوٹیلیٹی بل اور گھر کے کرائے کی مئی 2024ء تک کی سلپ ملی ہے، تفتیشی حکام کا خدشہ ہے کہ حمیرا اصغر کی موت 7 اکتوبر کو ہوئی۔
اداکارہ کا فون آخری بار 7 اکتوبر کو شام 5 بجے تک استعمال ہوا، اداکارہ نے آخری میسج 7 اکتوبر 2024ء کو ساڑھے 5 بجے کے قریب بھیجا، تفتیشی حکام نے بتایا کہ حمیرا اصغر موت کے وقت مالی مشکلات کا شکار تھیں۔
پولیس حکام کے مطابق حمیرا اصغر کے الیکٹرانک گیجٹس سی ٹی ڈی کے حوالے کر دیئے گئے، ڈیٹا ڈیلیٹ ہوا ہے تو ریکور کیا جائے گا، اداکارہ کے الیکٹرانک گیجٹس سے کوئی اہم چیز نہیں ملی، اداکارہ کا ایک بینک اکاؤنٹ لاہور اور دوسرا کراچی میں ہے۔