لاہور: (ویب ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ میرا نے برطانوی ہائی کمشنر جین میریٹ سے درخواست کی ہے کہ وہ میرٹ پر ان کا کیس دیکھیں کیونکہ برطانیہ نے میرا پر 10 برس کی پابندی لگائی ہوئی ہے۔
میرا نے کہا ہے کہ میں نے اپنے تمام ڈاکیومنٹس برٹش ہائی کمیشن پاکستان اور برٹش ایمبیسی میں جمع کروا دیئے ہیں، غلط فہمی کی وجہ سے بہت سالوں تک میرا ویزہ نہیں لگ سکا۔
اداکارہ نے بتایا کہ میری بہن لندن میں ہے جو کینسر کی مریضہ ہے اور اس کی 2 سالہ بیٹی اکیلی ہے، میرا گھر اور خاندان لندن میں ہے، میں بہت سالوں سے ویزے کے لیے کوشش کر رہی ہوں، میں درخواست کرتی ہوں کہ میرا ویزہ جاری کیا جائے، میرا لندن آنا بہت ضروری ہے اس لیے میرٹ پر میرے کیس کو دیکھا جائے۔
واضح رہے کہ اداکارہ میرا نے برطانوی قوانین کی خلاف ورزی کی جس پر تحقیقات کے بعد الزام ثابت ہوا اور وہاں کی بارڈر ایجنسی نے قانون کا اطلاق کرتے ہوئے اداکارہ میرا پر 10 سال کے لیے برطانیہ میں داخلے پر پابندی عائد کر دی تھی۔
میرا کے خاندان کا کہنا ہے کہ یہ معاملہ ایک انگریزی زبان کے انٹرویو میں پیدا ہونے والی غلط فہمی کی وجہ سے ہوا جس میں میرا کو انٹرویو کرنے والے افسر کے سوالات سمجھنے میں مشکلات پیش آئیں اور اسی طرح افسر بھی ان کے جوابات کو نہ سمجھ سکے۔
جب میرا پر پابندی ختم ہو گئی تو ان کے سفری ایجنٹ نے دوبارہ برطانیہ کے ویزا کے لیے درخواست دی لیکن اس میں غلط معلومات فراہم کیں جس کی وجہ سے ان کا ویزا مسترد ہو گیا۔