شہنشاہ غزل مہدی حسن کی آج 98 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

Published On 18 July,2025 01:44 am

لاہور: (دنیا نیوز) شہنشاہ غزل مہدی حسن کی آج 98 ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے، مہدی حسن کی گائی ہوئی غزلیں آج بھی کانوں میں رس گھولتی ہیں۔

شہنشاہ غزل مہدی حسن 18 جولائی 1927ء کو بھارت کی ریاست راجستھان کے گاؤں لونا میں پیدا ہوئے، ابتدائی تربیت گھر ہی میں ہوئی، خود اُن کے بقول وہ کلاونت گھرانے کی سولہویں پیڑھی سے تعلق رکھتے تھے۔

اُنہوں نے موسیقی کی تربیت اپنے والد اُستاد عظیم خان اور اپنے چچا اُستاد اسماعیل خان سے حاصل کی، 1947ء میں مہدی حسن نے اہل خانہ کے ساتھ پاکستان ہجرت کی، اُن کی گائی ہوئی غزلیں اور گیت پاکستان اور بھارت سمیت دنیابھرمیں اردوکلام سننے والوں میں مقبول ہیں۔

مہدی حسن کم عمری میں ہی ٹھمری، درپت، خیال اور دادرا سمیت کئی راگوں میں پختہ ہو گئے، 8 سال کی عمر میں مہاراجہ گوالیار کے دربار میں فن کا مظاہرہ کیا۔

مہدی حسن نے 25 ہزار سے زائد فلمی و غیر فلمی گیت اور غزلیں گائیں، اُنہیں حکومت کی جانب سے تمغہ امتیاز، ستارہ امتیاز اور پرائیڈ آف پرفارمنس جیسے اعزازات سے بھی نوازا گیا، 1966ء میں صدر ایوب خان نے مہدی حسن کو شہنشاہِ غزل کا خطاب دیا۔۔

1979ء میں مہدی حسن کو بھارتی سرکار نے اپنے سب سے بڑے کے ایل سہگل ایوراڈ سے بھی نوازا، لتا منگیشکر جیسی نامور گلوکارہ اکثر کہا کرتیں مہدی حسن کے گلے میں بھگوان بولتا ہے، استاد مہدی حسن خاں 13 جون 2012ء کو کراچی کے نجی ہسپتال میں 84 سال کی عمر میں جہان فانی سے کوچ کرگئے تھے۔