تنقید کرنے والوں کو جواب دے کر انہیں مشہور نہیں کرنا چاہتا: ہمایوں سعید

Published On 26 August,2025 10:53 pm

کراچی: (ویب ڈیسک) سینئر اداکار ہمایوں سعید نے کہا ہے کہ وہ خود پر ہونے والی تنقید پر ہنستے ہیں، وہ تنقید کرنے والوں کو جواب دے کر انہیں مشہور نہیں کرنا چاہتے جب کہ تنقید کرنے والوں کو بھی پیسے ملتے ہیں۔

ہمایوں سعید نے حال ہی میں دیے گئے انٹرویو میں اپنے ڈرامے ’میں منٹو نہیں ہوں‘ کے معاملے سمیت دیگر معاملات پر کھل کر بات کی، انہوں نے بتایا کہ وہ پہلی بار صنم سعید اور سجل علی کے ساتھ کام کرکے بہت خوش ہیں جب کہ صائمہ نور کے ساتھ بھی ان کا کام کرنے کا تجربہ اچھا رہا۔

اداکار کے مطابق ایک سیاست دان دوست نے انہیں فون کرکے ان کے ’منٹو‘ کے کردار کی تعریفیں کیں اور وہ حیران رہ گئے کہ انہوں نے اس طرح کا کردار کیسے کرلیا؟

خود پر ہونے والی تنقید سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ وہ تنقید کرنے والوں کو جواب دے کر انہیں مشہور نہیں کرنا چاہتے، نہ وہ خود خبروں میں رہ کر شہرت حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اب انہیں تنقید پر کوئی فرق نہیں پڑتا، ان پر تنقید کرنے والے زیادہ تر ان کے دوست اور ساتھی اداکار ہی ہوتے ہیں، اداکاری پر تبصرے کرنے والے افراد کو تنقید کے بھی پیسے ملتے ہیں، اس لیے تنقید کرنے سے ایسے لوگوں کا روزگار جڑا ہوا ہے۔

ہمایوں سعید کا کہنا تھا کہ تبصرے کرنے والوں کے علاوہ ٹی وی شوز اور یوٹیوب پر تنقید کرنے والوں کو بھی پیسے ملتے ہیں، اس لیے وہ انہیں جواب نہیں دیتے، ان کا روزگار منسلک ہوتا ہے۔

اداکار نے مسکراتے ہوئے کہا کہ اب وہ خود پر ہونے والی تنقید پر ہنستے ہیں، انہیں کوئی فرق نہیں پڑتا، اگرچہ انہوں نے بتایا کہ ان پر تنقید کرنے والوں کو پیسے ملتے ہیں، تاہم انہوں نے کسی کا نام نہیں لیا۔

ہمایوں سعید کو عام طور پر زائد العمر ہونے کے باوجود ہیرو کے طور پر کام کرنے پر تنقید کا سامنا رہتا ہے، تاہم بعض اداکار اور مبصر ان کی اداکاری پر بھی تنقید کرتے دکھائی دیتے رہے ہیں۔