لاہور: (ویب ڈیسک) عمران اشرف کی کینیڈین بھارتی پنجابی فلم ’اینا نوں رہنا سہنا نئیں آندا‘ نے ریلیز کے پہلے ہی ہفتے پاکستان سے تین کروڑ روپے سے زائد کمائی کرلی۔
’اینا نوں رہنا سہنا نئیں آندا‘ کو رواں ماہ 22 اگست کو پاکستان سمیت دیگر ممالک میں ریلیز کیا گیا تھا، فلم نے جہاں کینیڈا سمیت دیگر ممالک میں اچھی کمائی کی، وہیں اس نے پاکستان میں بھی اندازوں سے کہیں زیادہ کمائی کرکے نیا سنگ میل عبور کرلیا۔
عمران اشرف کی فلم کو پاکستان بھر کے سینماؤں میں ریلیز کیا گیا ہے اور ان کی فلم کو تقریبا 47 سکرینز پر دکھایا جا رہا ہے اور فلم نے پہلے ہی ہفتے ریکارڈ 3 کروڑ 17 لاکھ روپے کما لیے، مذکورہ فلم کو بھارت میں ریلیز نہیں کیا گیا تھا۔
مذکورہ فلم میں عمران اشرف کے علاوہ ناصر چنیوٹی نے بھی اہم کردار ادا کیا ہے، تاہم فلم کی زیادہ تر کاسٹ بھارتی اداکاروں پر مشتمل ہے، فلم کی دیگر کاسٹ میں رنجیت باوا، مینڈے ٹکھڑ، سپنا پبی، نمال رشی اور نوپریت بانگا سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔
’اینا نوں رہنا سہنا نئیں آندا‘ کی زیادہ تر ٹیم کینیڈین نژاد بھارتیوں پر مشتمل ہے، اسی لیے بھارتی ہندوؤں نے اس میں پاکستانی اداکاروں کے کام پر اعتراض نہیں کیا، تاہم اس کے باوجود فلم کو انڈیا میں ریلیز نہیں کیا گیا۔
عمران اشرف کی مذکورہ پہلی بھارتی اور غیر ملکی فلم ہے، اس سے قبل وہ چند پاکستانی فلموں میں کام کر چکے ہیں، انہیں زیادہ تر ٹی وی ڈراموں کی اداکاری کی وجہ سے پسند کیا جاتا رہا ہے۔