لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان کی معروف سینئر اداکارہ اسما عباس کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہوگیا۔
سینئر اداکارہ اسما عباس کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہونے کا انکشاف ان کی بہن اور لیجنڈ اداکارہ بشریٰ انصاری نے کیا۔
بشریٰ انصاری نے سوشل میڈیا پر ایک سکرین شاٹ بھی شیئر کیا جس میں اسما عباس کے نام سے ایک شخص ابراہیم سے 10 لاکھ روپے ادھار مانگ رہا ہے۔
بشریٰ انصاری نے لکھا کہ براہ کرم اس قسم کے پیغامات پر بھروسہ نہ کریں۔
اسما عباس نے بھی سوشل میڈیا پر بتایا کہ ان کے نمبر سے لوگوں کو پیغامات بھیج کر پیسوں کا مطالبہ کیا جا رہا ہے، براہ کرم ایسے پیغامات کو نظر انداز کریں۔
اداکارہ نے کہا کہ واٹس ایپ ہیک ہونے کی وجہ ایک فون کال تھی، جس میں ان سے ایک پارسل کی ترسیل کے حوالے سے واٹس ایپ پر موصول ہونے والا کوڈ مانگا گیا تھا۔
انہوں نے کہا کہ ان کی بیٹی زارا نے کچھ چیزیں بھیجی تھیں اور انہیں لگا کہ بارشوں کی وجہ سے پارسل تاخیر سے پہنچا ہے، تاہم کوڈ بتانے کے فوراً بعد ان کا واٹس ایپ اکاؤنٹ ہیک ہوگیا۔
سینئر اداکارہ اسما عباس نے کہا کہ لوگ اس طرح کے دھوکہ دہی والے پیغامات سے محتاط رہیں اور کسی کو بھی کوڈ یا ذاتی معلومات شیئر نہ کریں۔