ممبئی: (ویب ڈیسک) بھارتی اداکارہ پرینیتی چوپڑا اور سیاستدان راگھو چڈھا کے ہاں جلد ننھے مہمان کی آمد متوقع ہے۔
پرینیتی اور راگھو نے فوٹوز اینڈ ویڈیوز شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک کیک کی تصویر شیئر کرتے ہوئے مداحوں کو یہ خوشخبری سُنائی ہے کہ وہ جلد والدین بننے والے ہیں۔
اس کیک پر 3=1+1 درج تھا اور ساتھ ہی شیئر کی گئی دوسری تصویر میں راگھو اور پری ایک ساتھ ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے واک کرتے دکھائی دے رہے ہیں۔
اس پوسٹ کی کیپشن میں اداکارہ نے لکھا کہ "ہماری چھوٹی سی کائنات اپنے راستے پر ہے، ہم حد سے زیادہ نوازے گئے ہیں"۔
اداکارہ کے مداحوں اور ساتھی فنکاروں کی جانب سے اس خوشخبری پر نیک تمناؤں کا اظہار کیا جارہا ہے، بالی ووڈ کی ہیروئن پرینیتی چوپڑا اور بھارتی سیاستدان راگھو چڈھا ستمبر 2023 میں شادی کے بندھن میں بندھے تھے۔