دبئی کی شہزادی شیخہ مہرہ نے ریپر فرنچ مونٹانا سے منگنی کرلی

Published On 28 August,2025 07:26 pm

دبئی: (ویب ڈیسک) دبئی کی شہزادی شیخہ مہرہ المکتوم نے ریپر فرنچ مونٹانا سے منگنی کرلی۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے نائب صدر اور وزیرِاعظم شیخ محمد بن راشد المکتوم کی 31 سالہ صاحبزادی شیخہ مہرہ المکتوم نے مراکش سے تعلق رکھنے والے 40 سالہ ریپر فرنچ مونٹانا سے منگنی کرلی، جس کی تصدیق 40 سالہ ریپر کے نمائندے نے کردی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شیخہ مہرہ اور فرنچ مونٹانا 2024 کے اختتام سے ایک ساتھ ہیں، اس وقت شیخہ مہرہ نے فرنچ مونٹانا کو دبئی کا دورہ کروایا اور ایک ساتھ سوشل میڈیا پر تصاویر شیئر کی تھیں۔

رواں سال جون میں انہوں نے پہلی بار باضابطہ اپنے تعلقات کا اعتراف پیرس فیشن ویک کے دوران اس وقت کیا جب انہیں ہاتھوں میں ہاتھ ڈالے ایک ساتھ دیکھا گیا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل شیخہ مہرہ کی شادی شیخ مانع آل مکتوم سے اپریل 2023 میں ہوئی تھی جو جولائی 2024 میں طلاق پر ختم ہو گئی تھی، مہرہ نے انسٹاگرام پر طلاق کا اعلان کرتے ہوئے شوہر کی بے وفائی کو وجہ قرار دیا، طلاق سے 2 ماہ قبل ان کی بیٹی ’مہرہ‘ کی پیدائش ہوئی تھی۔

دوسری جانب فرنچ مونٹانا کا اصل نام کریم خربوش ہے، وہ مشہور گانوں Unforgettable اور No Stylist سے عالمی شہرت حاصل کر چکے ہیں، وہ افریقہ اور مشرق وسطیٰ میں فلاحی منصوبوں جیسے تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی میں بھی بڑھ چڑھ کر حصہ لیتے رہے ہیں۔