لندن: (ویب ڈیسک) معروف کامیڈین گلوکار چاہت فتح علی خان پر برطانیہ میں انڈوں سے حملہ کرنے کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی مختصر ویڈیو میں چاہت فتح علی خان کو ایک مقام پر مداحوں کے ساتھ سیلفی اور ویڈیوز بناتے دیکھا جا سکتا ہے۔
ویڈیو میں چاہت فتح علی خان کو خوشگوار موڈ میں دیکھا جا سکتا ہے، تاہم اسی دوران اچانک ان پر دو افراد انڈوں سے حملہ کر دیتے ہیں۔
ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دو افراد تیزی سے بھاگتے ہوئے چاہت فتح علی خان کے سر پر دو انڈے پھوڑ کر بھاگ جاتے ہیں، ویڈیو میں چاہت فتح علی خان کے سر پر انڈے پھوڑنے والے افراد کے چہرے دکھائی نہیں دیتے۔
— Valkyrie (@Valkyrie00777) September 11, 2025
چاہت فتح علی خان پر انڈوں سے حملے کے وقت ان کے ساتھ ویڈیوز اور تصاویر بنوانے والے افراد بھی حیران رہ جاتے ہیں جب کہ کامیڈین بھی پریشان دکھائی دیتے ہیں۔
ویڈیو میں گلوکار پر انڈوں سے حملہ کرکے فرار ہونے والے افراد کو چاہت فتح علی خان کا گانا ’بدو بدی‘ بھی گنگناتے دیکھا جا سکتا ہے۔
چاہت فتح علی خان پر انڈوں سے حملے کی ویڈیو وائرل ہونے کے بعد صارفین نے رد عمل دیتے ہوئے ان پر حملے کی مذمت کی۔
سوشل میڈیا صارفین نے لکھا کہ اگرچہ انہیں چاہت فتح علی خان کی گلوکاری پسند نہیں، تاہم ان پر انڈوں سے حملہ کرنے نامناسب ہے، صارفین نے چاہت فتح علی خان پر حملہ کرنے والے ملزمان کو گرفتار کرکے سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا۔