سارہ عمیر نے شادی کے 9 سال بعد شوہر سے راہیں جدا کر لیں

Published On 15 September,2025 11:05 am

لاہور: (ویب ڈیسک) اداکارہ سارہ عمیر نے انکشاف کیا ہے کہ شادی کے 9 سال بعد ان کی اور ان کے شوہر محسن طلعت کی راہیں جدا ہوچکی ہیں۔

ماضی کی معروف اداکارہ نے یہ بات حال ہی میں ایک پروگرام میں گفتگو کے دوران بتائی، جہاں انہوں نے اپنی زندگی اور کیریئر کے مختلف پہلوؤں پر کھل کر بات کی۔

سارہ حال ہی میں رئیلٹی شو ’تماشا سیزن 4‘ میں بھی نظر آئیں، تاہم رواں ہفتے نشر ہونے والی قسط میں وہ شو سے باہر ہوگئیں، انہوں نے بتایا کہ انہوں نے اس رئیلٹی شو میں چھ ہفتے گزارے اور اس دوران وہ اپنے بچوں کو بہت یاد کرتی رہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ان کا بڑا بیٹا چھ سال کا ہے جبکہ چھوٹا بیٹا چار سال کا ہے، ایک ماں کیلئے بچوں سے اتنے دن دور رہنا بہت مشکل تھا کیونکہ اس سے پہلے انہوں نے اپنے بچوں کو چوبیس گھنٹے کیلئے بھی کبھی اکیلا نہیں چھوڑا تھا۔

اداکارہ نے واضح کیا کہ ’تماشا‘ میں شمولیت کی ایک بڑی وجہ یہ بھی تھی کہ انہیں اپنی ذاتی زندگی کے مسائل سے بریک چاہیے تھا، چونکہ ان کا اور ان کے سابق شوہر کا تعلق ایک ہی شعبے سے تھا، اس لیے دونوں اکثر ایک دوسرے کے سامنے آجاتے تھے، جس سے کشیدگی بڑھتی رہی۔

اداکارہ کا کہنا تھا کہ اس رئیلٹی شو میں آنے کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوا کہ انہوں نے صبر کرنا سیکھا اور یہ بھی کہ تھوڑے وقت میں کس طرح کام مکمل کیا جاسکتا ہے۔

سارہ عمیر نے بتایا کہ بہت سے لوگ پہلے ہی جانتے ہیں کہ ان کی طلاق ہوچکی ہے اور یہ طلاق انہوں نے ’تماشا‘ میں آنے سے چند ہفتے پہلے لی تھی، اس وقت وہ ایک مشکل دور سے گزر رہی تھیں، ایک سنگل پیرنٹ ہونے کی وجہ سے کئی رکاوٹوں کا سامنا کیا اور ذہنی طور پر بھی بہت پریشان تھیں، اس لئے سکون ان کیلئے ضروری تھا۔

قبل ازیں ایک انٹرویو میں اداکارہ نے بتایا تھا کہ ان کی سابق شوہر محسن طلعت سے ملاقات اُس وقت ہوئی جب وہ صرف 17 سال کی تھیں اور محسن کی عمر 27 سال تھی، ان کی محبت کی شادی تھی اور محسن طلعت سے ان کا تعلق 20 سال پر محیط رہا، جب کہ ان کی شادی کو 9 سال گزر چکے تھے۔