اذلان شاہ کی ’دوسری شادی‘ کا دعویٰ پبلسٹی اسٹنٹ نکلا، سوشل میڈیا صارفین کی تنقید

Published On 27 November,2025 12:05 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) مشہور پاکستانی ڈیجیٹل کریئٹر اذلان شاہ کی مبینہ ’دوسری شادی‘ کا دعویٰ بالآخر ایک پبلسٹی اسٹنٹ نکلا، جس پر سوشل میڈیا صارفین نے انہیں شدید تنقید کا نشانہ بنایا۔

حال ہی میں اذلان نے انسٹاگرام پرپیغام جاری کیا کہ وہ دوبارہ شادی کر رہے ہیں اور ان کی اہلیہ نے اس کی اجازت بھی دے دی ہے، اس بیان نے سوشل میڈیا پر ہلچل مچا دی اور صارفین نے غصے کا اظہار کرتے ہوئے شدید ردعمل دیا۔

بعد ازاں اذلان نے ایک وضاحتی ویڈیو میں اعتراف کیا کہ یہ دوسری شادی نہیں بلکہ وہ اپنی ہی اہلیہ وریشہ سے دوبارہ نکاح کر رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں نے اعلان کو مذاق سمجھا، کچھ نے سخت زبان استعمال کی، جبکہ بہت سے صارفین نے طنزیہ تبصرے کیے۔

ان کے بیان پر ان کی اہلیہ نے تصدیق کی کہ چونکہ ان کی شادی کی تیسری سالگرہ قریب ہے، اس لیے وہ دوبارہ نکاح کر رہے ہیں۔

اہلیہ کا کہنا تھا کہ اذلان کے اعلان کا انداز غلط تھا، جس سے غلط فہمیاں پیدا ہوئیں، اور یہ تاثر دینا مناسب نہیں تھا کہ اذلان کسی اور سے شادی کر رہے ہیں۔

صارفین نے اس پورے معاملے کو ’سستا پبلسٹی اسٹنٹ‘ قرار دیا، ایک صارف نے لکھا کہ وہ دونوں پسندیدہ تھے مگر انہوں نے بہت سستا طریقہ اپنایا، ایک اور نے طنز کیا کہ جب ویوز کم ہو جائیں تو جعلی شادی کا ڈرامہ شروع کر دیتے ہیں، جبکہ ایک صارف کے مطابق اسے ’کونٹینٹ‘ کہنا افسوسناک ہے،یہ محض شہرت کی خواہش ہے۔