کراچی: (ویب ڈیسک) ماڈل، اداکارہ و ٹی وی میزبان متھیرا نے حال ہی میں ایک فیشن شو میں اپنی ریمپ واک پر تنقید کرنے والے افراد کو ذہنی مریض اور چھوٹے دماغ کے حامل افراد قرار دے دیا۔
متھیرا نے چند دن قبل ایک فیشن شو میں کیٹ واک کی تھی اور ان کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں، متھیرا کی جانب سے فیشن شو میں ریمپ واک کرنے کی ویڈیوز وائرل ہونے کے بعد سوشل میڈیا صارفین نے ان کی جسامت پر تنقید کی تھی، جس کے بعد اب اداکارہ و ماڈل نے تنقید کرنے والوں کو جواب دے دیا۔
متھیرا نے انسٹاگرام سٹوری میں اپنے ریمپ واک کی ویڈیو کلپ شیئر کرتے ہوئے تنقید کرنے والوں کو کرارا جواب دیا۔
ماڈل و ٹی وی میزبان نے اپنی سٹوری میں لکھا کہ انہوں نے کئی لوگوں کو اپنے بارے میں غلط بات کرتے دیکھا اور پڑھا، وہ خوش ہیں کہ منتظمین نے انہیں شو میں آنے کی دعوت دی، انہوں نے بے جا تنقید کرنے والوں کو خاموش رہنے کا درس دیتے ہوئے لکھا کہ انہوں نے کچھ غلط نہیں کیا لیکن ذہنی طور پر بیمار لوگ ان کے حوالے سے بیکار باتیں کر رہے ہیں۔
متھیرا نے سٹوری میں لکھا کہ ان کا گھٹنے کا آپریشن ہوا تھا، انہیں تھائرائیڈ کے مسائل رہے ہیں اور لوگ ان کی جسامت کے حوالے سے اس طرح برتاؤ کر رہے ہیں، انہوں نے جس سوشل میڈیا پیج کا اسکرین شاٹ شیئر کیا، اسے بھی آڑے ہاتھوں لیا اور لکھا کہ مذکورہ پیج اور اس جیسے بہت سے دوسرے پیجز اور لوگوں کو شرم آنی چاہیے۔
اداکارہ نے لکھا کہ انہیں دنیا کی کوئی پرواہ نہیں، وہ خوبصورت ہیں، وہ دنیا میں اپنے اصولوں پر چلیں گی، انہیں فخر ہے کہ وہ بڑی لڑکی ہیں اور معاشرے والوں کے دماغ چھوٹے ہیں۔



