منفرد اسلوب کے شاعر جون ایلیا کی آج 94ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے

Published On 14 December,2025 04:42 am

لاہور: (دنیا نیوز) وصل اور ہجر کی تلخیوں کو منفرد انداز میں بیان کرنے والے منفرد اسلوب کے شاعر جون ایلیا کی آج 94ویں سالگرہ منائی جا رہی ہے۔

منفرد اسلوب اور دھیمے لہجے کے شاعر جون ایلیا نے اردو ادب کو ایک نئی جہت سے روشناس کروایا، وہ 14 دسمبر 1931ء کو بھارت کے شہر امروہا میں پیدا ہوئے، ان کا اصل نام سید حسین سبط اصغر نقوی تھا، جون کو انگریزی، عربی اور فارسی پر بھی مکمل عبور حاصل تھا۔

جون ایلیا نے اپنی زندگی کا پہلا شعر صرف 8 سال کی عمر میں کہا اور پھر عمر بھر سخن وری کرتے رہے، ان کا پہلا شاعری مجموعہ 1991ء میں شائع ہوا جسے اردو ادب کا دیباچہ قرار دیا گیا۔

اردو ادب میں جون ایلیا کے نثر اور اداریے کو آج بھی باکمال تصور کیا جاتا ہے، اُن کے شعری مجموعوں میں یعنی، گمان، لیکن اور گویا شامل ہیں، جون ایلیا کی شاعری کو معاشرے اور روایات سے کھلی بغاوت سے عبارت کیا جاتا ہے۔