اہم افراد کو پاکستان لانے کی خبریں من گھڑت اور بے بنیاد ہیں: پی آئی اے

Last Updated On 16 April,2020 10:51 pm

لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان ایئر لائن (پی آئی اے) نے کہا ہے کہ برطانیہ سے وی آئی پی شخصیات کو پاکستان لانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق 3 اپریل سے 13اپریل تک پی آئی اے تقریباً 1600 افراد کو وطن واپس لے کر آیا، جس میں کثیر تعداد برطانیہ سے آنے والے مسافروں کی تھی۔ اس بات کی سختی سے تردید کی جاتی ہے کہ پروازیں صرف چند مخصوص افراد کو لے کر آئیں ہیں۔

بیان میں کہا گیا ہے کہ پروازوں کے ٹکٹ پی آئی اے دفاتر اور ویب سائیٹس پر دستیاب تھے۔ پی آئی اے کی جانب سے بارہا میڈیا پر بھی اعلان جاری کئے گئے کہ تمام خواہشمند افراد فوری طور پر بکنگ کروائیں۔

ترجمان نے کہا کہ پی آئی اے قومی پرچم بردار ائیر لائن ہے اور اپنی ذمہ داریوں کو غیر جانبداری، سیاسی وابستگی اور مکمل ذمہ داری سے قومی خدمت کے جذبے سے سرشار سرانجام دیتی ہے۔

پی آئی ترجمان کا کہنا تھا کہ مختلف حلقوں کی جانب سے پھیلائی جانے والی من گھڑت اور بے بنیاد رپورٹس پی آئی اے کی ان ہنگامی حالات میں سرانجام دی گئی خدمات کو دانستہ طور پر نقصان پہنچانے کی کوشش ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پی آئی اے کی جانب سے فراہم کی جانے والی خدمات کو مسافروں اور غیر ملکی حکومتوں کی جانب سے خاص طور پر سراہا جا رہا ہے۔

پی آئی اے انتظامیہ پہلے ہی تمام پروٹوکول سروس ختم کر چکی ہے اور اپنے اس فیصلے پر سختی سے کاربند ہے، اس کی کوئی خلاف ورزی نہیں کی جا رہی۔
 

Advertisement