ماسکو: (ویب ڈیسک) روس کی ایک عدالت نے جھوٹی خبر کی تشہیر کا الزام عائد کرتے ہوئے حزب اختلاف کے ایک ریڈیو سٹیشن اور ویب سائٹ ایڈیٹر کو جرمانہ کر دیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ریڈیو ایکو موسکوئی اور اس کی ویب سائٹ ایک سیاسی تجزیہ کار کا کمنٹ پوسٹ کیا تھا جس میں انہوں نے روس میں کورونا وائرس کے اعدادوشمار پر سوال اٹھائے تھے۔
ریڈیو سٹیشن کے چیف ایڈیٹر نے جمعہ کو اپنی ایک ٹویٹ میں آگاہ کیا کہ ماسکو کی عدالت نے ان الزامات کے تحت ریڈیو کو 2880 اور اس کی ویب سائٹ کو 865 ڈالرز کا جرمانہ عائد کر دیا ہے لیکن اس فیصلے کیخلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا جائے گا۔
ادھر عدالت کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ ریڈیو سٹیشن اور اس کی انتظامیہ کو یہ جرمانہ غلط معلومات کے اجرا کی وجہ سے بطور سزا عائد کیا گیا ہے۔ ریڈیو سٹیشن کا یہ اقدام عوام کی صحت اور ان کی زندگیوں کیلئے خطرے کا باعث بنا تھا۔
خیال رہے کہ روسی تجزیہ کار ویلوری سولووی نے مارچ میں دیئے گئے ایک انٹرویو میں دعویٰ کیا تھا کہ حکومت جھوٹ بول رہی ہے کہ کورونا وائرس سے ملک میں کوئی اموات نہیں ہوئی حالانکہ جنوری تک شاید 1600 تک افراد اس موذی مرض کے ہاتھوں اپنی جانیں گنوا چکے تھے۔