اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سینیٹ کمیٹی اطلاعات نے موٹروے پر خاتون سے ہونے والے زیادتی کے واقعہ کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے،چیئرمین کمیٹی سینیٹر فیصل جاوید نے کہا کہ سزائیں سخت کرنےتک ایسے واقعات کا تدارک ممکن نہیں ہے،
کمیٹی کا اجلاس فیصل جاوید کی زیر صدارت ہوا،کمیٹی نے ٹی وی چینلز اور اخبارات کو متعلقہ خاتون اور ان کے خاندان کی پرائیوسی کا خیال رکھنے کی ہدایات کر تے ہوئے کہا کہ خاتون یا اس کے خاندان کا نام کسی بھی صورت میڈیا پر جاری نہیں ہونا چاہیے، موجودہ قوانین کا جائزہ لے کر سزائیں سخت کرنے کیلئے ترمیم بھی کی جائے۔
اجلاس میں نعمان وزیر خٹک کے سینیٹ اجلاس میں اٹھائے گئے عوامی اہمیت کے معاملہ برائے حذف کیے گئے الفاظ کو پرنٹ اور الیکٹرانک میڈیا میں چلانے کے معاملے کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔
رحمٰن ملک نے کہا کہ جب تک قانون نہیں بنے گا ایسی چیزیں بند نہیں ہو گی، کمیٹی نے پریس کونسل کو دوبارہ قانون کے مطابق ایکشن لینے کی ہدایت کر دی۔ اجلاس میں رحمٰن ملک کے سینیٹ اجلاس میں اٹھائے گئے عوامی اہمیت کے معاملہ برائے پی پی لیڈر کی الیکٹرانک میڈیا پر کردار کشی کے معاملے کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا
رحمٰن ملک نے کہا کہ ہمارے لیڈر آصف زرداری کی میڈیا پر کردار کشی کی گئی اور ان کے خلاف میڈیا ٹرائل کیا جاتا ہے جس کی بارہا شکایات بھی درج کرائی گئیں۔