میانمار میں جعلی خبریں چلانے والی ویب سائٹ بلاک کر دی گئی

Published On 03 September,2020 06:34 pm

میانمار: (ویب ڈیسک) میانمار میں حکومت کی طرف سے بروقت ایکشن کے بعد جعلی خبریں چلانے والی ویب سائٹ کو بلاک کر دیا گیا۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے ’’رائٹرز‘‘ کی رپورٹ کے مطابق میانمار کی وزارت ٹیلی کمیونیکیشن نے موبائل آپریٹرز کو حکم جاری کرتے ہوئے کہا کہ جعلی خبریں پھیلانے والوں کیخلاف فوری کارروائی کی جائے۔

ترجمان میو سوئی کا کہنا ہے کہ فوج کیخلاف پھیلنے والی جعلی خبروں کو روکا جائے، حالیہ عرصے کے دوران میانمار میں سوشل میڈیا پر جعلی خبریں تیزی سے پھیل رہی ہیں۔

رائٹرز کے مطابق میانمار کی انتظامیہ نے بر وقت کارروائی کرتے ہوئے ایک ویب سائٹ کو بلاک کر دیا ہے جو جعلی خبریں پھیلا رہی تھی، اس ویب سائٹ کو ملک کے سرکردہ رہنما چلا رہے تھے۔ اور اس ویب سائٹ کا نام ’جسٹس فار میانمار‘ ہے۔

انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ویب سائٹ بلاک کرنے سے قبل شہریوں کی طرف سے ہمیں شکایات ملی تھیں جس کے بعد فوری طور پر کارروائی کرتے ہوئے اسے بلاک کر دیا گیا۔

رائٹرز کے مطابق ویب سائٹ بلاک ہونے کے بعد اس کے متاثرہ افراد کا کہنا ہے کہ ہم اس کے خلاف مزاحمت کریں گے، ہم نے کوئی جعلی خبریں شیئر نہیں کیں ، ہم سچ لکھتے اور بولتے رہیں گے۔
 

Advertisement