ٹویٹر پر آئی جی پنجاب انعام غنی کا جعلی اکاؤنٹ استعمال کیے جانے لگا

Published On 11 September,2020 07:15 pm

لاہور: (دنیا نیوز) سوشل میڈیا کی مشہور ویب سائٹ ٹویٹر پر آئی جی پنجاب انعام غنی کا جعلی اکاؤنٹ استعمال کیے جانے لگا۔

تفصیلات کے مطابق دو روز قبل لاہور کے نواحی تھانہ گجر پورہ کے علاقے میں موٹروے پر خاتون کیساتھ بچوں کے سامنے زیادتی ہوئی، اس زیادتی کے واقعہ کے بعد پورے ملک میں غم و غصہ کی لہر پائی جا رہی ہے۔

وزیراعظم عمران خان نے واقعہ کا نوٹس لیا ہے اور مجرموں کی گرفتاری کا حکم دیا ہے تو دوسری طرف آئی جی پنجاب انعام غنی کا بھی کہنا ہے کہ ملزموں کو جلد گرفتار کر لیں گے۔

اسی دوران انسپکٹر جنرل پنجاب انعام میمن کے نام سے سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹ گردش کرنے لگا۔ یہ اکاؤنٹ کسی شخص نے ٹوئٹر پر بنایا ہوا ہے جس پر ٹویٹ کی گئی کہ موٹروے پر خاتون سےزیادتی کیس کی تحقیقات میں بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔ متاثرہ خاتون کا اے ٹی ایم استعمال کرنے والے 2 افراد کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

ٹویٹ میں مزید کہا گیا تھا کہ پولیس کے مطابق دونوں مشتبہ افراد نے اے ٹی ایم سے ٹرانزیکشن کی کوشش کی اور گرفتاری کے بعد دونوں افراد کی ڈی این اے سیمپلنگ کرلی گئی ہے اب نتائج کا انتظار ہے۔

آئی جی پنجاب انعام غنی نے میڈیا پر وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ کیس میں ایسی کوئی پیش رفت نہیں ہوئی، یہ ان کے نام پر کسی نے جعلی اکاؤنٹ بنا رکھا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ جعلی اکاؤنٹ کے حوالے سے تصدیق کر لینی چاہیے، اسی طرح سیالکوٹ سے فوکل پرسن ذیشان اصغر نے بھی واقعے کی تردید کی ہے۔
 

Advertisement