بھارت: 5G نیٹ ورک سے متعلق جعلی خبریں پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کا انتباہ

Published On 12 May,2021 08:18 pm

نئی دہلی: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث جعلی خبریں درد سر بنی ہوئی ہیں، بھارت میں بھی جعلی خبروں نے حکام کیلئے مشکلات کھڑی کی ہوئی ہیں، انتظامیہ کی طرف سے انتباہی انداز میں کہا گیا ہے کہ غلط معلومات پھیلانے والوں کو سخت سزا دی جائے گی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یوپی کے اے ڈی جی ایل او پرشانت کمار نے انتظامیہ کو ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 جی نیٹ ورک ٹرائل (5G Network Trial) کے ریڈی ایشن کے سبب لوگوں کی ہلاکت کی افواہ پھیلائی جارہی ہے۔ یہ افواہ سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک ، واٹس ایپ اور فون کے ذریعے بھی پھیلائی جارہی ہے۔ کچھ کال ریکارڈنگ وائرل ہو رہی ہیں جس میں بنارس کا نوجوان بہار سے کسی سے بات کرتے ہوئے سنا گیا ہے جس میں وہ 5G ٹاور کے ٹیسٹنگ سے لوگوں کی موت کی بات کہی جاتی ہے۔ یہ کال ریکارڈنگ فرضی ہے اور پولیس اسے افواہ بتا رہی ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق ان افواہوں اور جعلی خبروں کے بعد ہیڈ کوارٹر سے حکم جاری کیا گیا ہے کہ ایسی افواہوں پر سخت کارروائی کی جائے۔ اسی دوران یوپی کے فتح پور ، سدھارتھ نگر، گورکھپور، سلطان پور کے کچھ دیہات میں 5 جی ٹاور ٹیسٹنگ سے لوگوں کی ہلاکت کی خبریں پھیلائی جارہی ہیں اور لوگوں سے 5 جی ٹاور کو بند کرنے اور اسے اکھاڑ پھینکنے کی اپیل کی جارہی ہے۔ اے ڈی جی ایل آئی یو اور انٹیلیجیینس کو سرگرم کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر الرٹ نظر بنائے رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ ساتھ ہی ایسی معلومات کو پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کرنے کی ہدایت بھی دی گئی ہے۔
 

Advertisement