جعلی خبروں کیخلاف وفاقی حکومت کا بڑا ایکشن شروع

Published On 29 October,2021 04:31 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) کالعدم تنظیم کے احتجاج کے بعد سوشل میڈیا پر جعلی خبروں پھیلانے والوں کے خلاف وفاقی حکومت نے کارروائی کا آغازکر دیا۔

وفاقی وزیر برائے اطلاعات و نشریات فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ایک بیان میں بتایا کہ گزشتہ رات ایک اہم کارروائی میں کالعدم جماعت سے تعلق رکھنے والے 32 اراکین کو گرفتار کیا گیا ہے۔

انہوں نے اپنے ٹویٹ میں لکھا کہ یہ لوگ جعلی سوشل میڈیا اکاؤنٹس کے ذریعے نفرت انگیز پراپیگنڈا کر رہے تھے اور جعلی خبروں اور پروپیگنڈے کیخلاف بڑا ایکشن شروع کر دیا گیا ہے جلد ہی مزید گرفتاریاں ہوں گی

یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے دو روز قبل اعلان کیا تھا کہ کالعدم تنظیم کے احتجاج کے بعد سوشل میڈیا پر فیک نیوز پھیلانے والوں کیخلاف کارروائی کی جائے گی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چودھری نے کہا تھا کہ سوشل میڈیا پرفیک نیوزچلائی جارہی ہے، یہ ریاست کی عزت کا سوال ہے، فیک نیوزکوبرداشت نہیں کیا جائے گا، تمام اداروں کا فرض ہے کہ اپنا کردارادا کریں۔ جو یوٹیوب اور سوشل میڈیا پر کمپین کررہے ہیں وہ اپنے رویوں پر نظرثانی کرلیں، فیک نیوز کے کلچر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ بھارت اور کچھ دیگر ممالک سے فیک نیوز پھیلانے والوں کو مدد مل رہی ہے ہم ان کے خلاف کارروائی کریں گے۔

وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے بھی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے سختی سے ہدایت کی ہے ایف آئی اے سائبرکرائم سوشل میڈیا پرجھوٹی خبروں کوروکے۔
 

Advertisement