چودھری نثار علی خان کے سوشل میڈیا پر اکاؤنٹس جعلی قرار

Published On 26 March,2022 08:13 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستان مسلم لیگ ن کے سابق رہنما اور سابق وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان سے متعلق سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس استعمال کیے جانے لگے۔

تفصیلات کے مطابق سینئر سیاستدان کے سوشل میڈیا کی ویب سائٹ فیس بک، ٹویٹر ، انسٹا گرام پر جعلی اکاؤنٹس استعمال کیے جا رہے ہیں، محض ٹویٹر پر ایک اکاؤنٹ پر فالوورز کی تعداد 70 ہزار سے زائد ہے۔

برطانوی خبر رساں ادارے کو انٹرویو دیتے ہوئے چودھری نثار علی خان نے کہا کہ سوشل میڈیا پر میرا کوئی اکاؤنٹ نہیں، کچھ میرے مداحوں نے کھول رکھے ہیں۔ ان کے لاکھوں فالورز ہیں۔ ان سے کبھی شکایت پیدا نہیں ہوئی البتہ سیاسی مخالفین نے میرے نام سے جعلی اکاؤنٹس بنا رکھے ہیں۔

اپنی بات کو جاری رکھتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ میرے جعلی اکاؤنٹس سے غلط معلومات پھیلائی جاتی ہیں۔ میرے لیے اس طرح کی ہر غلط معلومات کا جواب دینا ممکن نہیں۔

سابق وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ میں نے ان جعلی اکاؤنٹس کا سراغ لگانے کے لیے ایف آئی اے سے رجوع کیا ہے۔ انشا اللہ میں اپنا آفیشل اکاؤنٹ کھول رہا ہوں جس سے ڈس انفارمیشن کی حوصلہ شکنی ہو گی۔
 

Advertisement