کیلیفورنیا:(ویب ڈیسک) ٹیسلا کے بانی ایلون مسک کے ساتھ معاشقے کی خبروں کو گوگل کے شریک بانی سرگئی برن کی اہلیہ نکول شاناہان نے جعلی قرار دے کر مسترد کردیا۔
خیال رہے کہ امریکی اخبار ایک رپورٹ میں دعویٰ کیا تھا کہ ٹیسلا کے بانی اور نکول شاناہان کا مبینہ افیئر گزشتہ سال کے آخر میں چلا تھا، مسک سے اہلیہ کے تعلق کے بعد سرگئی برن نے 2022 کے شروع میں طلاق کے لیے درخواست دائر کی جبکہ ایلون مسک سے برسوں پرانی دوستی ختم کردی تھی۔
امریکی اخبار کی رپورٹ پر ردعمل دیتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ایلون مسک کا کہنا تھا کہ یہ مکمل طور پر بے بنیاد ہے، میں اب بھی سرگئی برن کا دوست ہوں اور ہم دونوں نے گزشتہ رات اکٹھے پارٹی کی تھی۔
ایلون مسک کی جانب سے افیئر کی خبروں کی تردید کے بعد نکول شاہانان نے بھی اپنا ردعمل دیتے ہوئے ان خبروں کو جعلی قرار دے دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق گوگل کے شریک بانی کی اہلیہ کے وکیل کی جانب سے امریکی اخبار کی رپورٹ کے جواب میں ایک بیان جاری کیا گیا جس میں کہا گیا کہ شاناہان اور ایلون مسک کے افیئر کی خبریں جھوٹ بلکہ ہتک آمیز ہیں۔
خیال رہے کہ نکول شاناہان کیلیفورنیا سے تعلق رکھنے والی ایک وکیل ہیں اور ایک لیگل ٹیکنالوجی کمپنی کلیئر ایسسز آئی پی اور بیا ایکو فاؤنڈیشن کی بانی ہیں جبکہ سرگئی برن 95 ارب ڈالرز کے مالک ہیں جو ایلون مسک کے بہت پرانے دوست ہیں۔
گوگل کے شریک بانی نے 2003 میں ٹیسلا کی بنیاد رکھے جانے کے بعد اس کمپنی میں کئی بار سرمایہ کاری کی۔