لاہور: (ویب ڈیسک) ماہ نور سومرو نے پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے شادی کی خبروں کو جعلی اور جھوٹی قرار دے دیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سوشل میڈیا پر بینظیر بھٹو کے اِکلوتے بیٹے اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ’ممکنہ‘ دلہن سے متعلق پوسٹ وائرل ہو رہی تھی، وائرل تصویر میں ماہ نور سومرو نامی ایک لڑکی چیئرمین پی پی بلاول بھٹو زرداری کی پھوپھی فریال تالپور کے ساتھ بیٹھی ہوئی ہیں۔
اس تصویر اور جعلی خبر کے وائرل ہونے پر اب خود ماہ نور سومرو نے ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔
یاد رہے کہ ماہ نور سومرو پیپلز پارٹی کی سوشل میڈیا ایکٹوسٹ ہیں اور سابق ایم پی اے اور پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما مرحومہ رقیہ خانم سومرو کی پوتی ہیں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ماہ نور نے ایک تردیدی بیان جاری کیا ہے جس میں انہوں نے بلاول بھٹو کو ٹیگ بھی کیا اور لکھا کہ برائے مہربانی میری شادی کے حوالے سے جھوٹی خبریں پھیلانے سے گریز کریں! چیئرمین بلاول بھٹو زرداری میرے پارٹی لیڈر ہیں اور پیپلز پارٹی تمام جیالوں کی فیملی ہے! شکریہ۔
— Mahenoor (@mahenoor28) October 20, 2022
اس ٹوئٹ کو چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی بہن بختاور بھٹو زرداری کی جانب سے بھی لائیک کیا گیا ہے۔