پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں کی تباہی سے متعلق قراردار اقوام متحدہ میں منظور

Published On 09 October,2022 02:09 pm

واشنگٹن:(دنیا نیوز)وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان کو ایک اور بڑی کامیابی ملی ہے، اقوام متحدہ میں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی پر قرارداد منظور ہوگئی ہے، چین، امریکا اور روس بھی پاکستان کے لئے ایک پیج پر آگئے ہیں۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹر ٹویٹر پر اپنے پیغام میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے لکھا کہ پاکستان کو ایک اور بڑی کامیابی ملی ہے، اقوام متحدہ میں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی پر قرارداد منظور ہوگئی ہے، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں 141 ممالک کی جانب سے متفقہ طور پر پاکستان میں موسمیاتی تباہی پر قرار داد منظور ہوچکی ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایک ایسے وقت میں جب جیوپالیٹکل تقسیم انتہائی گہری ہے، چین، امریکا اور روس کی جانب سے قرار داد کو پیش کرنے والوں میں شامل ہونے کے اتحاد کے مظاہرے پر ہم شکرگزار ہیں، میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر اور اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کا بھی شکرگزار ہوں۔