لاہور:(ویب ڈیسک) سابق برازیلین لیجنڈری فٹبالر پیلے کی بیٹی نے اپنے والد کی صحت کے حوالے سے سامنے آنے والی افواہوں کی تردید کرتے ہوئے ان کو جعلی قرار دے دیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق فٹبالر کی ایک بیٹی نے ایک روز قبل برازیلی اخبار میں شائع ہونے والی اس خبر کی تردید کی ہے جس میں کہا گیا تھا کہ بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا پیلےکی حالت انتہائی تشویش ناک ہے اور کیمو تھراپی کے متوقع نتائج نہ آنے پر انہیں زندگی کی اختتامی نگہداشت (پیلیٹو کیئر) کے وارڈ میں منتقل کر دیا گیا ہے۔
رپورٹس کے مطابق پیلے کی ایک اور بیٹی کِیلے نے ایک انٹرویو میں بتایا ہے کہ اس کے والد کو تین ہفتے قبل کورونا ہوا تھا جس کے باعث انہیں سانس میں انفیکشن کی شکایت ہوئی، وہ بیمار اور بوڑھے ہیں جب وہ بہتر ہوجائیں گے تو گھر واپس آجائیں گے۔
خیال رہے کہ 82 سالہ عظیم فٹبالر کو گزشتہ منگل کو کینسر کے دوبارہ علاج کے لیے برازیل کے ایک ہسپتال میں داخل کیا گیا تھا، اس سے قبل 2021 میں ان کی بڑی آنت میں سے ٹیومر نکالا گیا تھا جس کے بعد سے مستقل بنیادوں پر ان کی طبی نگہداشت کی جارہی تھی۔
برازیل کے شہر ساؤ پاؤلو کے البرٹ آئن سٹائن ہسپتال نے فٹبال کے کنگ کی حیثیت سے مشہور پیلے کی صحت کے حوالے سے کسی بھی قسم کی رپورٹ کی تصدیق کرنے سے انکار کیا تھا تاہم اب ان کی بیٹی فلیویا نے رپورٹ کو حقائق کے برعکس قرار دیا ہے۔
پیلے کی بیٹی کا کہنا تھا کہ یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ لوگ کہہ رہے ہیں کہ لیجنڈ فٹبالر کا آخری وقت چل رہا ہے اور وہ پیلیٹو کیئر وارڈ میں داخل ہیں تاہم یقین کریں ایسا کچھ نہیں ہے۔
واضح رہے کہ عظیم ترین فٹبالر سمجھے جانے والے پیلے تاریخ کے واحد کھلاڑی ہیں جو تین ورلڈ کپ 1958، 1962 اور 1970 جیت چکے ہیں، 1977 میں ریٹائر ہونے والے پیلے کو برازیل کا اثاثہ سمجھا جاتا ہے۔