اسلام آباد: (دنیا نیوز) ترجمان اسلام آباد پولیس نے کہا کہ بلوچ مظاہرین کی جانب سے پریس کانفرنس میں اسلام آباد پولیس پر لگائے گئے الزامات میں کوئی صداقت نہیں ہے۔
ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد پولیس ان تمام الزامات کی تردید کرتی ہے، مظاہرین پر تشدد کے متعلق متعدد بار وضاحت دی گئی، مظاہرین پہلے بھی قانون کی خلاف ورزی کرتے رہے ہیں، پولیس کے خلاف مسلسل جھوٹے الزامات لگائے جارہے ہیں، اسلام آباد پولیس اس پر قانونی کارروائی کا حق محفوظ رکھتی ہے۔
پولیس ترجمان نے مزید کہاکہ کسی بھی غیرقانونی عمل کو نظر انداز نہیں کیا جائے گا، پرامن اور قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے احتجاج ہر شہری کا حق ہے، البتہ کسی بھی شخص کو ہائی سکیورٹی زون میں داخل ہونے اور قانون ہاتھ میں لینے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔
انہوں نے کہا کہ مظاہرین کو قانون کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنا احتجاج ریکارڈ کرانا چاہئے، اسلام آباد پولیس مظاہرین کے ساتھ بھرپور تعاون اور سکیورٹی فراہم کررہی ہے۔