حجاج سے متعلق سوشل میڈیا کی خبریں بے بنیاد ہیں: وزارت مذہبی امور

Published On 20 June,2024 09:00 am

لاہور: (ویب ڈیسک) وزارت مذہبی امور برائے حج نے حجاج کرام کے حوالے سے سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا۔

وفاقی وزارت مذہبی امور نے دوران حج سوشل میڈیا پر چلنے والی خبروں سے متعلق کہا کہ عوام الناس درست معلومات کیلئے معتبر ذرائع پر بھروسہ کریں اور اس حوالے سے ڈی جی حج مشن کا وضاحتی بیان میں کہنا تھا کہ مشاعر میں عازمین کو بے یارو مددگار چھوڑنے کے الزامات میں کوئی صداقت نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ سعودی حکومت کی مہیا کردہ قابل اعتماد معلومات کی بھی تصدیق کی جاتی ہے، حجاج کرام کے بارے میں سوشل میڈیا پر زیرگردش بے بنیاد افواہیں نظرانداز کی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ اس سال ایک مشکل حج تھا جس میں درجہ حرارت کم و بیش 50 ڈگری تھا، اٹھارہ جون کی سہ پہر چار بجے تک کی مصدقہ اطلاعات کے مطابق چار پاکستانی حجاج کی منیٰ، تین کی عرفات اور دو پاکستانی حجاج کی مزدلفہ میں شہادت ہوئی۔

عبدالوہاب سومرو کا یہ بھی کہنا تھا کہ سعودی حکومت کسی بھی شہید کے ورثاء سے تدفین کی باقاعدہ اجازت لیتی ہے، شہید حاجی کو غسل دے کر حرم میں نماز جنازہ کی ادائیگی کے بعد تدفین کی جاتی ہے، اگر ورثاء چاہیں تو میت پاکستان بھجوانے کے انتظامات کئے جاتے ہیں۔

ڈی جی حج مشن کے مطابق سعودی حکومت ان تمام معاملات میں پاکستان کے ساتھ مکمل تعاون کرتی ہے۔