ایڈیشنل ڈائریکٹر ایرو میڈیکل کی تقرری کا معاملہ، سول ایوی ایشن کی تردید

Published On 09 July,2024 08:32 am

اسلام آباد: (ویب ڈیسک) سول ایوی ایشن اتھارٹی (سی سی اے) نے ادارے میں ایڈیشنل ڈائریکٹر ایرو میڈیکل کی اسامی پر تقرری سے متعلق خبر کی تردید کردی۔

سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سول ایوی ایشن امیدواروں کی شارٹ لسٹنگ، انٹرویو اور مناسب امیدوار کے انتخاب کے ضمن میں ملازمت کے ضوابط کی سختی سے پیروی کرتی ہے، امیدوار کے جائزے کے کئی مراحل ہوتے ہیں ،اس کا پس منظر دیکھا جاتا ہے، امیدوار کی اہلیت جانچنے کیلئے اس کی فراہم کردہ معلومات کی تصدیق کی جاتی ہے۔

سی اے اے کے مطابق اس پوسٹ کےلیے معیار مشتہر کیا گیا تھا، ڈاکٹر ودود اور ڈاکٹر احریمہ دونوں تربیت یافتہ اور تجربہ کار تھے اور مشتہر معیار پر پورے اترتے تھے۔

سی اے اے نے بتایا کہ ڈاکٹر احریمہ نے ایوی ایشن میڈیسن میں ڈپلوما ڈاؤ یونیورسٹی سے حاصل کیا ہے جسے اعلیٰ تعلیم کا کمیشن تسلیم کرتا ہے تاہم یہ لازمی شرط تھی بھی نہیں، بھرتی کا عمل تمام تر دیانت داری اور شفافیت کے ساتھ مکمل کیا گیا، جس میں مروجہ ضوابط کا خیال رکھا گیا۔

سول ایوی ایشن کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ اس معاملے پر کسی انٹرنیشنل ریگولیٹر کی کوئی رائے سامنے نہیں آئی۔