لاہور: (ویب ڈیسک) پاکستانی شوبز انڈسٹری کی مقبول جوڑی حبا بخاری اور آریز احمد نے سوشل میڈیا پر زیر گردش حمل کی خبروں کو جھوٹ قرار دے دیا۔
حبا بخاری اور آریز احمد نے اپنے یوٹیوب چینل کے حالیہ وی لاگ میں کہا کہ لوگ صرف چند لائیکس اور ویوز کی خاطر شوبز شخصیات کی جھوٹی خبریں پھیلاتے ہیں۔
فنکار جوڑی نے کہا کہ سوشل میڈیا پر ہماری تصاویر اور باتوں کو توڑ موڑ کر پیش کیا جاتا ہے، یوٹیوبرز کو صرف چند ویوز اور لائیکس چاہیے ہوتے ہیں لیکن وہ یہ بھول جاتے ہیں کہ ان کی اس حرکت سے کسی کی زندگی پر کتنا گہرا اثر پڑتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو لگتا ہے ہم فنکار ٹی وی پر آتے ہیں تو ہمیں جھوٹی خبروں سے کوئی فرق نہیں پڑتا جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ ہمیں ایسی خبروں سے ڈر لگتا ہے۔
آریز احمد نے کہا کہ یوٹیوب پر زیر گردش خبروں کے مطابق ہمارے 6 سے 7 بچے ہوچکے ہیں۔
حبا بخاری نے کہا کہ میں پہلے بھی کئی بار ایسی خبروں کی تردید کرچکی ہوں لیکن اس کے باوجود لوگ بعض نہیں آتے اور حمل سے متعلق جھوٹی خبریں پھیلاتے ہیں۔