اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاور ڈویژن نے بجلی کے 2 میٹر لگانے پر پابندی کے حوالے سے وضاحت جاری کر دی۔
پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ بجلی کے دو میٹر لگانے پر پابندی کی خبریں بے بنیاد ہیں، دوسرا میٹر قانون کے تحت حاصل کیا جا سکتا ہے۔
پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ سوشل میڈیا پر پھیلائی جانے والی خبریں جھوٹی اور گمراہ کن ہیں، جھوٹی خبریں پھیلانا پیکا ایکٹ کے تحت قابل سزا جرم ہے، رہائشی جگہ پر دوسرا بجلی کا میٹر آج بھی مروجہ قوانین کے تحت حاصل کیا جا سکتا ہے۔
وضاحت میں مزید کہا گیا ہے کہ نیپرا مینول 2021 کے مطابق مخصوص شرائط پر دوسرا میٹر جائز ہے، علیحدہ پورشن، سرکٹ، داخلی راستے اور کچن پر دوسرا میٹر لگ سکتا ہے، عوام جھوٹی خبروں پر توجہ نہ دیں۔
ترجمان پاور ڈویژن نے کہا ہے کہ بجلی کے ناجائز استعمال، سبسڈی کے غلط فائدے کو روکنے کے لیے قانون پہلے بھی موجود تھا اور اب بھی مکمل طور پر نافذ العمل ہے، بجلی کے میٹرز کے درست اور شفاف استعمال میں بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں سے تعاون کریں تاکہ اصل حقدار کو اس کا حق بروقت اور صحیح طریقے سے ملتا رہے۔