دو سیب کھائیں بیماریاں دور بھگائیں

Last Updated On 16 December,2019 07:34 pm

لاہور: (ویب ڈیسک) دنیا بھر میں بیماریوں میں تیزی سے اضافہ ہو رہا ہے، بلڈ پریشر، ہارٹ اٹیک، شوگر سمیت متعدد ایسی بیماریوں نے ہر کسی کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے، اکثر اوقات ڈاکٹرز کی ہدایات کو شہری نظر انداز کرتے ہیں، جس کے باعث بیماریاں پروان چڑھتی ہیں، طبی حوالے سے ایک اور تحقیق سامنے آئی ہے جس کے مطابق روزانہ ایک سیب کھانا ڈاکٹر سے دور رکھتا ہے کیونکہ سیب میں موجود غذائیت انسان کو مختلف بیماریوں سے بچاتی ہے لیکن میڈیکل سائنس نے اس حوالے سے ایک اور نئی تحقیق بھی کی ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ماہرین کی جانب سے کی گئی تحقیق نے روزانہ ایک سیب کھانے کی کہاوت کو تھوڑا بدل دیا ہے کیونکہ دو سیب کھانے کے اور بھی بے شمار فوائد ہو سکتے ہیں۔ حالیہ تحقیق کے مطابق دو سیب روزانہ کھانا امراضِ قلب کے امکانات میں کمی کا باعث بن سکتا ہے۔

ماہرین نے بتایا کہ دو سیب روزانہ کھانے سے امراضِ قلب کے خطرات کے ساتھ فالج جیسی جان لیوا بیماری کے امکانات بھی کم ہو جاتے ہیں۔

تحقیق میں ایسے 40 لوگوں کا انتخاب کیا گیا جنہیں ہائی کولیسٹرول کا سامنا تھا، ماہرین کا کہنا ہے کہ ان لوگوں کو روزانہ 4 سیب کھلائے گئے اور آٹھ ہفتوں بعد ہمیں اس کے حیرت انگیز نتائج حاصل ہوئے۔ ان 40 لوگوں کا آٹھ ہفتے بعد جب کولیسٹرول لیول جانچا گیا تو وہ تقریباً چار فیصد تک کم تھا۔

یونیورسٹی آف شیفلڈ کی جانب سے کی گئی یہ تحقیق امریکن جنرل آف کلینیکل نیوٹریشن میں شائع کی گئی ہے۔ جیسا کہ ہم سب جانتے ہیں کہ خون میں بُرے کولیسٹرول کی زیادتی سے ہی امراضِ قلب اور فالج جیسی خطرناک بیماریاں جنم لیتی ہیں لیکن ماہرین کا کہنا ہے کہ روزانہ دو سیب کھانے سے خون کا بُرا کولیسٹرول کم ہوتا ہے۔