لاہور: (روزنامہ دنیا) پوری دنیا میں مختلف طریقوں سے بننے والی چائے سے متعلق بہت سی بے بنیاد باتیں گردش میں رہتی ہیں، مثلاً چائے سے رنگ کالا ہو جاتا ہے یا بچوں کیلئے چائے مضرِ صحت ہے وغیرہ وغیرہ، نئی تحقیق میں انکشاف کیا گیا ہے کہ یہ سب غلط باتیں ہیں۔
ماہرین کے مطابق چائے کا استعمال دماغ کی ساخت اور صحت کیلئے اچھا ہے، حال ہی میں کی گئی ایک تحقیق کے مطابق چائے کے باقاعدگی سے استعمال کے باعث دماغ کی ساخت اور کارکردگی بہتر ہوتی ہے۔
تحقیق میں شامل کئے گئے 60 سال سے زائد عمر کے افراد پر ‘ ڈیفالٹ موڈ نیٹ ورک’ کے عمل کو آزمایا گیا تھا جس میں دماغ کے متعدد حصوں کی آزمائش شامل تھی، تحقیق میں شامل افراد کے گروپ اے کو چائے استعمال کروائی گئی جبکہ گروپ بی کو چائے سے دور رکھا گیا تھا۔
ان افراد کو بعد ازاں ایم آر آئی سکین سمیت بیٹری ٹیسٹ سے بھی گزارا گیا جس کی رپورٹ میں یہ انکشا ف سامنے آیا کہ جن افراد نے باقاعدگی کے ساتھ چائے کا استعمال کیا تھا ان کے دماغ پر چائے کے مثبت اثر سمیت ان کے کام کی صلاحیتوں میں بھی مثبت تبدیلی آئی تھی۔
دوسری جانب چائے کے استعمال سے گریز کرنے والوں میں یہ مثبت تبدیلی نہیں پائی گئی تھی۔