پاکستان کی 26 فیصد آبادی ذیابیطس میں مبتلا، انسولین کی قیمتوں میں اضافے نے مشکلات بڑھا دیں

Last Updated On 18 February,2020 12:10 pm

اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کی 26 فیصد آبادی ذیابیطس کے مرض کا شکار ہے۔ اعداد و شمار کے مطابق ہر چار میں سے ایک پاکستانی ذیابیطس میں مبتلا ہے، گزشتہ چھ ماہ کے دوران ادویات کیساتھ انسولین کی قیمتوں میں پچاس فیصد اضافے نے مریضوں کی مشکلات مزید بڑھا دیں۔

ذیابیطس کا مہلک مرض، پاکستان میں خطرناک حد تک اضافہ، ہر چوتھا پاکستانی ذیابیطس کا شکار ہو گیا، انسولین کی قیمت میں ہوشربا اضافے سے مریض پریشان ہو گئے۔ نیشنل ڈائیبیٹیز سروے کے مطابق پاکستان کی 26 فیصد آبادی ذیابیطس کا شکار ہے اور ہر چار میں سے ایک فرد کو ذیابیطس لاحق ہے۔ ٹائپ ون ذیابیطس میں ادویات نہیں صرف انسولین سے ہی علاج ممکن ہے۔

گزشتہ تین ماہ میں مختلف کمپنیوں کی انسولین کی قیمتوں میں 300 سے 400 روپے کا اضافہ ہوا جبکہ انسولین لگانے کے لیے استعمال ہونے والی 1 سی سی کی سرنج 17 سے 30 روپے کی ہو گئی۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ ذیابیطس کنٹرول نہ رہے تو کئی اور مسائل کا باعث بنتی ہے، قوت خرید نہ ہونے کے باعث اگر مریض انسولین کا استعمال ترک کرتے ہیں تو یہ ان کی صحت کے کیے تباہ کن ہو گا۔