لاہور: (دنیا نیوز) کرونا وائرس سے بچاؤ اور احتیاطبی تدابیر میں سب سے اہم فیس ماسک کی مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا کر دی گئی، منافع خور باز نہ آئے، ماسک بلیک میں فروخت کرنے لگے، عوام مہلک مرض کے آگے بے بس ہوگئے۔
کرونا وائرس سے بچاؤ، احتیاطی تدابیر اپناؤ، اس سے ڈرنا نہیں مقابلہ کرنا ہے۔ احتیاط اور بچاؤ کے لئے فیس ماسک سب سے اہم ہے۔ مارکیٹ میں ماسک کی طلب بڑھتے ہی منافع خور مافیا سرگرم ہو گیا۔
میڈیکل سٹورز سے ماسک غائب، بلیک مارکیٹ میں فروخت جاری ہے، 5 روپے والا عام ماسک ہول سیل میں 20 سے 25 اور بلیک میں 40 روپے تک فروخت ہونے لگا۔ خصوصی این 95 ماسک کی قیمت 600 سے 800 روپے تک جا پہنچی ہے جو عام دنوں میں 100 روپے میں دستیاب تھا۔ دکاندار کہتے ہیں کہ ماسک دستیاب ہی نہیں تو بیچیں کیسے۔ شہریوں نے حکومت سے فوری نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ فیس ماسک کی فراہمی یقینی بنانے کا مطالبہ زور پکڑ رہا ہے کیونکہ یہ ثابت ہو رہا ہے کہ احتیاط علاج سے بہتر ہے۔