فیصل آباد: (دنیا نیوز) دنیا بھر میں آج گردوں کا دن منایا جا رہا ہے، فیصل آباد میں لاکھوں کی تعداد میں گردوں کے مریض موجود ہیں لیکن سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کے فقدان کے باعث مریضوں کی شرح اموات بڑھ رہی ہے۔
فیصل آباد میں 4 لاکھ سے زائد گردوں کے مریض موجود ہیں، ڈاکٹرز کے مطابق فیصل آباد کے سرکاری اور پرائیویٹ ہسپتالوں میں سالانہ 3 لاکھ کے قریب ڈائلسز کئے جاتے ہیں تاہم فیصل آباد کے سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات انتہائی کم ہیں۔ ضلع بھر میں صرف 60 ڈائلسز مشینیں موجود ہیں جہاں پر مفت ڈائلسز کے لئے مریضوں کو کئی روز تک انتظار کی سولی پر لٹکنا پڑتا ہے۔
انچارج کڈنی وارڈ الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر بلال جاوید کے مطابق ایک طرف آبادی میں اضافہ تو دوسری جانب دیگر اضلاع کے مریض بھی فیصل آباد آ رہے ہیں جس سے رش بڑھ رہا ہے، ضروری ہے کہ تحصیل سطح پر گردوں کے مریضوں کا علاج کیا جائے۔
ہیومن آرگن ٹرانسپلانٹ اتھارٹی نے فیصل آباد میں گردوں کے ٹرانسپلانٹ کی اجازت دے دی ہے لیکن ماہر ڈاکٹرز اور مطلوبہ آلات نہ ہونے کی وجہ سے تاحال اس منصوبے کا باقاعدہ آغاز نہیں ہو سکا۔