اسلام آباد: (روزنامہ دنیا) ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ( ڈریپ) کے ڈرگ رجسٹریشن بورڈ نے کورونا وائرس کے علاج کیلئے ریمیڈس ویر (Remdesvir) انجکشن تیار کرنے کیلئے 15 فارماسیوٹیکل کمپنیوں کو لائسنس دینے کی منظوری دے دی۔ قیمت مقرر ہونے کے بعد کمپنیوں کو انجکشن فروخت کرنے کی اجازت ہوگی۔
ڈرگ رجسٹریشن بورڈ نے 17 کمپنیوں کی درخواستیں نامکمل اور مختلف اعتراضات کے باعث مسترد کر دیں، امریکہ، برطانیہ، یورپین یونین اور جاپان کے بعد پاکستان پانچواں ملک ہے جس نے مذکورہ انجکشن کی تیاری کی منظوری دی ہے۔
کورونا وائرس کے مریض کے علاج کیلئے 11 انجکشن کا مکمل کورس ہوگا، ڈرگ رجسٹریشن بورڈ کا اجلاس گزشتہ روز ہوا جس میں 32 فارماسیوٹیکل کمپنیوں کی درخواستوں کاجائزہ لیا گیا، کورونا وائرس کے علاج کیلئے دو قسم کے ریمیڈس ویر (Remdesvir)انجکشن کی تیاری کیلئے درخواستیں دی گئی تھیں۔