لاہور: (ویب ڈیسک) وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چودھری نے خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ لگتا ہے قومی اسمبلی میں بہت بڑی تعداد ممبران کی بیمار ہو جائیگی۔
پاکستان مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما احسن اقبال، پی ٹی آئی کے ایم این اے فرخ حبیب سمیت دیگر ارکان اسمبلی میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے لکھا کہ میں نے جب ویڈیو سیشن کی تجویز دی تو مسلم لیگ کی لیڈرشپ نےاس تجویز کو سختی سے مسترد کر دیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: احسن اقبال، فرخ حبیب سمیت متعدد سیاستدانوں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آ گیا
ٹویٹر پر فواد چودھری نے مزید لکھا کہ تجویز کو مسترد کرنے والے اب وہ تمام لیڈرز نہ صرف خود کورونا کا شکار ہیں بلکہ معاملات جس طرح ہاتھ سے نکل رہے ہیں لگتا ہے کہ بہت بڑی تعداد ممبران کی بیمار ہو جائیگی۔
میں نے جب ویڈیو سیشن کی تجویز دی تو مسلم لیگ کی لیڈرشپ نےاس تجویز کو سختی سے مسترد کیا اور اب وہ تمام لیڈرز نہ صرف خود کرونا کا شکار ہیں بلکہ معاملات جس طرح ہاتھ سے نکل رہے ہیں لگتا ہے کہ بہت بڑی تعداد ممبران کی بیمار ہو جائیگی،رہنماؤں کو عوام کو گمراہ نہیں صحیح راستہ دکھاناچاہئے
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) June 10, 2020
ٹویٹر کے آخر میں انہوں نے کہا کہ قومی رہنماؤں کو عوام کو گمراہ نہیں صحیح راستہ دکھاناچاہئے۔
اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو اور بچوں والی ضدیں نہ کیا کریں https://t.co/MzFZ2hxnJv
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) June 10, 2020
دوسری طرف سابق وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کے ٹویٹ کو ری ٹویٹ کرتے ہوئے فواد چودھری نے لکھا کہ اللہ آپ کا حامی و ناصر ہو اور بچوں والی ضدیں نہ کیا کریں۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا کے متاثرین تیزی سے بڑھنے لگے، ملک بھر میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسز کی تعداد ایک لاکھ 13 ہزار 702 تک پہنچ گئی جبکہ ایک دن میں 83 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد اموات کی تعداد 2 ہزار 255 ہوگئی۔
نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 5 ہزار 385 نئے کیسز رپورٹ ہوئے، پنجاب میں 43 ہزار 460، سندھ میں 41 ہزار 303، خیبر پختونخوا میں 14 ہزار 527، بلوچستان میں 7 ہزار 31، گلگت بلتستان میں 974، اسلام آباد میں 5 ہزار 963 جبکہ آزاد کشمیر میں 444 کیسز رپورٹ ہوئے۔
ملک بھر میں اب تک 7 لاکھ 54 ہزار 252 افراد کے ٹیسٹ کئے گئے، گذشتہ 24 گھنٹوں کے دوران 23 ہزار 799 نئے ٹیسٹ کئے گئے، اب تک 36 ہزار 308 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں جبکہ کئی مریضوں کی حالت تشویشناک ہے۔
پاکستان میں کورونا سے ایک دن میں 83 افراد جاں بحق ہوگئے جس کے بعد وائرس سے مرنے والوں کی تعداد 2 ہزار 255 ہوگئی۔ سندھ میں 696، پنجاب میں 807، خیبر پختونخوا میں 610، اسلام آباد میں 57، گلگت بلتستان میں 14، بلوچستان میں 62 اور آزاد کشمیر میں 9 مریض جان سے ہاتھ دھو بیٹھے۔