فیصل آباد کے بیشتر ہسپتال میڈیکل ویسٹ ضائع کرنے کی بجائے فروخت کرنے لگے

Published On 07 September,2020 08:31 am

فیصل آباد: (دنیا نیوز) پاکستان کے تیسرے بڑے شہر فیصل آباد کے بیشتر سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے پاس میڈیکل ویسٹ جلانے کے لئے برقی بھٹیاں ہی نہیں ہیں۔ محکمہ ماحولیات کے مطابق ہسپتال انتظامیہ میڈیکل ویسٹ ضائع کرنے کی بجائے فروخت کر دیتی ہے۔

فیصل آباد کے سرکاری اور 400 کے قریب نجی ہسپتالوں میں روزانہ کی بنیاد پر سیکڑوں من میڈیکل ویسٹ جمع ہوتا ہے۔ " ہاسپیٹل ویسٹ مینجمنٹ رول" کے تحت انفکیشن، نان انفیکشن، تیز دھار اشیاء اور دیگر نقصان دہ میڈیکل ویسٹ کو برقی بھٹیوں میں جلا کر تلف کیا جانا چاہیے لیکن فیصل آباد کے ایک، دو ہسپتالوں کے سوا باقی سرکاری اور نجی ہسپتالوں کا میڈیکل ویسٹ کہاں جاتا ہے، کسی کو معلوم نہیں۔

ڈپٹی ڈائریکٹر ماحولیات فرحت عباس کے مطابق مبینہ طور پر میڈیکل ویسٹ مختلف اشیا بنانےوالی فیکٹریوں کو بیچ دیا جاتا ہے جہاں اس سے پلاسٹک کا مختلف سامان تیار کیا جاتا ہے۔

میڈیکل ویسٹ کو جدید انداز میں تلف نہ کرنے اور اس سے پلاسٹک کی اشیاء تیار کرنے پر شہری حکومت کے خلاف پھٹ پڑے۔

محکمہ ماحولیات کے حکام میڈیکل ویسٹ کو ضائع کرنے کے لیے ہسپتالوں میں انسنریٹر نہ ہونے پر 200 کے قریب سرکاری اور نجی ہسپتالوں کے خلاف رولز کی خلاف ورزی پر کیسزانوائرنمنٹ ٹریبونل کو بجھوا چکے ہیں۔