فیصل آباد: (دنیا نیوز) فیصل آباد میں شہریوں کو پینے کے پانی کی فراہمی کیلئے واٹرفلٹریشن پلانٹس انتظامی غفلت کی بھینٹ چڑھ گئے۔ فلٹریشن پلانٹس غیر فعال ہونے سے شہری بھی پینے کے پانی کو ترسنے لگے۔
فیصل آباد کی ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شہریوں کو پینے کے صاف اور صحت افزاء پانی کی فراہمی کیلئے تقریبا 7 سال قبل ضلع کے 47 مختلف مقامات پر واٹرفلٹریشن پلانٹس نصب کئے گئے تھے۔ شروعات میں تو شہری اس سہولت سے مستفید ہوتے رہے ہیں لیکن نصب کرنے کے چند ماہ بعد ہی یکے بعد دیگرے تمام کے تمام واٹرفلٹریشن پلانٹس غیر فعال ہوگئے۔
دوسری جانب اسسٹنٹ کمشنر سٹی سید ایوب بخاری کہتے ہیں کہ فلٹریشن پلانٹس کی مرمت اور انہیں فعال کرنے کیلئے اقدامات عمل میں لائے جارہے ہیں جلد شہریوں کو پینے کے پانی کی سہولت سے آراستہ کردیا جائے گا۔
فلٹریشن پلانٹس غیر فعال ہونے سے نہ صرف شہری پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں بلکہ انکی نگہداشت نہ ہونے سے بیشتر پلانٹس کی ٹوٹیوں اور مشینری سمیت دیگر قیمتی سامان بھی غائب ہوچکا ہے۔