اسلام آباد: (دنیا نیوز) وزیرِاعظم عمران خان نے سندھ اور کراچی میں پانی سے متعلق مسائل کے حل کے لئے منصوبے کی منظوری دیدی۔
وزیراعظم عمران خان کے زیر صدارت ملک میں آبی ذخائر اور پانی سے متعلقہ مسائل کے حل کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں وزیرِ آبی وسائل محمد فیصل واوڈا، سیکرٹری آبی وسائل محمد اشرف، چئیرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) مزمل حسین و دیگر سینئر افسران شریک ہوئے۔
وزیرِ آبی وسائل محمد فیصل واوڈا نے وزیرِاعظم کو ملک میں آبی ذخائر، خصوصاً سندھ اور کراچی میں پانی سے متعلق مسائل کے بارے میں بریف کیا۔
چئیرمین واپڈا نے وزیرِاعظم کو سندھ میں پانی سے متعلقہ مسائل کے حل کے لئے مجوزہ منصوبے کے بارے میں بریفنگ دی۔
وزیرِاعظم نے سندھ اور کراچی میں پانی سے متعلق مسائل کے حل کے لئے وزیرِ آبی وسائل اور چئیرمین واپڈا کی جانب سے پیش کردہ منصوبے کی منظوری دی۔
وفاقی وزیر آبی وسائل کا کہنا تھا کہ منصوبہ سندھ اور پاکستان کے عوام کی تقدیر بدل دے گا۔ منصوبے کا باضابطہ اعلان وزیر آبی وسائل کی جانب سے جلد کیا جائے گا۔