لاہور میں یومیہ پانچ کروڑ، چھتیس لاکھ لیٹر پانی ضائع

Last Updated On 24 June,2019 05:02 pm

لاہور: (روزنامہ دنیا) 258فیکٹریاں صاف پانی ضائع اور آلودہ کر رہی ہیں۔ جوڈیشل واٹر کمیشن نے ضلعی انتظامیہ کو پانی کے بچاؤ کے لئے کریک ڈاؤن کے احکامات جاری کر دئیے۔

 

پانچ کروڑ 36 لاکھ 95 ہزار لٹر یومیہ پانی کو بچانے کیلئے جوڈیشل واٹر کمیشن کی رپورٹ میں ہوشربا انکشافات سامنے آئے جس پر ضلعی انتظامیہ سے مدد مانگ لی گئی۔

رپورٹ کے مطابق شہر میں 250 فیکٹریوں میں سے 119 ٹیکسٹائل، 74 فارما، 35 فوڈ، 7 ٹینریز، 12 کیمیکل، 5 انجینئرنگ، 5 پیپر اور ایک کارپٹ فیکٹری پانی کو ضائع اور آلودہ کرنے میں شامل ہیں۔

ضلعی انتظامیہ کو موصول ہونے والی رپورٹ لاہور نیوز نے حاصل کر لی۔ جوڈیشل واٹر کمیشن نے ضلعی انتظامیہ کو پانی بچاؤ کریک ڈاؤن کرنے کے احکامات جاری کر دیئے۔

چیئرمین جوڈیشل واٹر کمیشن جسٹس (ر) علی اکبر قریشی نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ 258 فیکٹریوں میں ری سائیکل پلانٹ نصب کرائے۔ فوکل پرسن واٹر جوڈیشل کمیشن اسامہ شیرون نیازی کے مطابق فیکٹری مالکان خطرناک طریقے سے صاف پانی ضائع کر رہے ہیں۔ شہر میں واقع ٹیکسٹائل، سٹیل، فارما اور انجینئرنگ ملز ایک کروڑ لٹر یومیہ پانی ضائع کر رہی ہیں۔

ری سائیکل پلانٹ سے پانی آلودہ اور ضائع ہونے سے بچایا جا سکے گا۔ ضلعی انتظامیہ کے ہمراہ واسا، محکمہ ماحولیات اور پولیس کریک ڈاؤن کرے گی۔

کیمیکل زدہ پانی کو ڈرینوں میں چھوڑنے سے کینسر اور دیگر بیماریاں پھیلتی ہیں۔ ذرائع کے مطابق فیکٹریوں کے خلاف رواں ماہ کریک ڈاﺅن شروع ہو جائے گا، انہیں واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ لگانے کی مہلت دی جائے گی۔
 

Advertisement