کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ سمیت بلوچستان بھر کے سرکاری ہسپتالوں میں ڈاکٹروں نے سہولیات کی عدم فراہمی کے باعث اوپی پی ڈیز کی مکمل طور پر تالہ بندی کر دی جس کی وجہ سے مریض شدید اذیت میں مبتلا ہیں۔
کوئٹہ کےسول ہسپتال سمیت دیگر سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کے فقدان اور ڈاکٹروں پر مریضوں کے ساتھ آئے لواحقین کی جانب سے کئے جانے والے پر شدد واقعات میں اضافے کے خلاف ڈاکٹروں نے آج دوسرے روزبھی ہڑتال کرتے ہوئے صوبے بھر میں سرکاری ہسپتالوں کی اوپی ڈی کا مکمل بائیکاٹ کیا ۔ صوبے کے سب سے بڑے سرکا ری سول سڈیمن ہسپتال میں او پی ڈی بند ہونے کے باعث مریض پریشان مگر پوچھنے والا کوئی نہیں۔
ڈاکٹروں کی ہڑتال کے باعث سرکاری ہسپتالوں میں علاج کیلئے آنے والے غریب مریضوں کی مشکلات بڑھ گئی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ دیہی علاقوں میں طبی سہولیات کا فقدان ان کے لیے مجبوری ہے کہ کوئٹہ کے سول ہسپتال کا رخ کریں مگر یہاں بھی ہڑتال نے انھیں در بدر کر دیا ہے۔
ڈاکٹروں کا موقف ہے کہ سرکاری ہسپتالوں میں طبی سہولیات کے فقدان، ادویات کی کمی، مشینوں کی خرابی اور مختلف امراض کی ٹیسٹنگ سہولیات نہ ہونے کے باعث مریض اور ان کے ساتھ آئے لوگوں کی جانب سے ان پر تشدد کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے جس کی وجہ سے مجبورا غیر معینہ مدت تک احتجاج کیا جائے گا۔