کوئٹہ میں سموسے، پکوڑے اور جلیبی کی قیمتوں میں 50 فی صد تک اضافہ

Published On 15 October,2020 09:43 am

کوئٹہ: (دنیا نیوز) کوئٹہ میں کھانے پینے کی چیزوں کی روز بروز بڑھتی ہوئی قیمتوں نے لوگوں کے ہلکی پھلکی عیاشی کے مواقع بھی محدود کردیئے ہیں، سموسے، پکوڑے، جلیبی اور دوسری تلی ہوئی اشیاء کی قیمتوں میں 50 فی صد تک اضافہ ہو گیا۔

کوئٹہ میں ضروری اشیائے خوردنی کے نرخوں میں بے تحاشہ اضافے کے بعد سموسے، چکن و سبزی رول اور تلے ہوئے انڈے 30 سے 60 روپے تک فی درجن، پکوڑے، نمک پارے، جلیبی اور بوندی، 40 روپے کلو تک مہنگی ہوگئی ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سموے پکوڑے کھبی کبھار کھا کر ہلکی پھلکی عیاشی کر لیتے تھے مگر اب مہنگائی نے مت ماردی ہے۔ شہر کے مختلف علاقوں میں یہ اشیاء فروخت کرنے والی دکانوں پر ماضی کے مقابلے میں خریداروں کی تعداد کم ہو رہی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے کہ تمام چیزیں کافی مہنگی ہو چکی ہیں وہ نرخ بڑھانے پر مجبور ہیں۔

ایک سروے کے مطابق کوئٹہ میں گھی، تیل، میدہ، بیسن، آلو پیاز اور چکن کی قیمتوں میں 15 دنوں کے دوران 30 سے 50 فی صد تک اضافہ ہوا ہے۔
 

Advertisement