ملتان: (دنیا نیوز) ملتان اور گردونواح کے علاقے سموگ کی لپیٹ میں آ گئے، شاہراہوں پر حد نگاہ بھی 400 میٹر تک رہ گئی، ماحولیاتی آلودگی اور سموگ کے باعث نشتر ہسپتال میں روزانہ سانس کی بیماری میں مبتلا سینکڑوں مریض رپورٹ ہو رہے ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ تمام تر دعوں کے باوجود سموگ اور آلودگی پر قابو پانے میں ناکام ہو چکی ہے۔
محکمہ ماحولیات کے مطابق دھواں چھوڑنے والی گاڑیاں اینٹوں کے بھٹے اور فیکڑیوں سے نکلنے والا مضر صحت دھواں شہر میں ماحولیاتی آلودگی پھیلا رہا ہے تاہم سموگ اور آلودگی کے خاتمے کیلئے تمام فیکڑیوں کو نوٹسز جاری کر دیئے ہیں۔
شہر کی شاہراہوں پر دھواں چھوڑنے والی سینکڑوں گاڑیاں اور شہر کے گردونواح میں 360 سے زائد اینٹوں کے بھٹے سموگ اور ماحولیاتی آلودگی کی شدت کو بڑھا رہے ہیں تاہم ضلعی انتظامیہ زہر آلود دھواں چھوڑنے والی فیکڑیاں بھٹے اور گاڑیوں کیخلاف کاروائی کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔