فیصل آباد: (دنیا نیوز) ملک بھر میں کورونا وباء تیزی سے پھیل رہی ہے ، روزانہ کی بنیاد پر مریضوں اور اموات میں اضافہ بھی دیکھنے کو مل رہا ہے جبکہ فیصل آباد کے سول ہسپتال میں طبی عملہ این 95 فیس ماسک اور حفاظتی کٹس نہ ملنے کی وجہ سے خوف کا شکار ہے۔
کورونا وباء کا پاکستان پر دوسرا حملہ، فیصل آباد میں اب تک کے کورونا متاثرین کی تعداد 6550 سے تجاوز کرگئی جبکہ 256 اموات رونما ہوچکیں۔ ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں کورونا کے زیر علاج مریضوں کی تعداد بھی روزانہ بڑھ رہی ہے لیکن طبی عملہ کورونا کی دوسری لہر میں N95 فیس ماسک اور حفاظتی کٹس سے محروم ہے۔
صورتحال کے برعکس ہسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے ڈاکٹرز اور دیگر سٹاف کو این 95 ماسک اور حفاظتی کٹس فراہم کررہے ہیں جبکہ مزید 50 ہزار ماسک کی خریداری کا آرڈر بھی دے رکھا ہے۔
طبی ماہرین کے مطابق آئندہ دنوں میں وباء کا پھیلاو مزید بڑھنے کا خدشہ ہے جبکہ طبی عملے کا کہنا ہے وہ بھی کورونا کا شکار ہوگئے تو مریضوں کا علاج معالجہ کون کرے گا۔