ذیابیطس اور اسکے نتیجے میں مستقل معذوری سے بچاؤ کیلئے کراچی میں آگاہی کانفرنس

Published On 06 December,2020 09:16 am

کراچی: (دنیا نیوز) ذیابیطس اور اسکے نتیجے میں مستقل معذوری سے بچاؤ کے لیے کراچی میں آگاہی کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ دنیا بھر سے معالجین نے اپنی تجاویز پیش کیں۔ ماہرین صحت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سالانہ تین سے چار لاکھ افراد ذیابیطس کے باعث معذور ہوجاتے ہیں۔

ذیابیطس معمولی مرض نہیں، پیچیدگی بڑھ جائے تو نتیجہ اہم اعضاء سے محرومی بھی ہوسکتا ہے، کراچی میں ہونے والی عالمی ڈائبیٹک فٹ کانفرنس میں ماہرین صحت کا کہنا تھا کہ پاکستان میں سالانہ 3سے 4لاکھ افراد ذیابطیس کے نتیجے میں معذور ہو جاتے ہیں۔

ڈایبیٹک ایسوسی ایشن آف پاکستان کے سیکرٹری پروفیسر عبدالباسط کا کہنا تھا کہ کورونا کے نتیجے میں جہاں بہت سے نقصانات ہوئے، وہیں ایک مثبت پہلو یہ ہے کہ صحت کے شعبے میں ٹیکنالوجی کا استعمال بڑھ گیا ہے۔ اب پاکستان کے کسی بھی کونے میں بیٹھے مریض کو علاج کی سہولت با آسانی میسر آسکتی ہے۔

ذیابطیس کے نتیجے میں ہونے والی پیچیدگیوں کے باعث ٹانگوں سے محروم ہونے والے 30 فیصد مریض ایک سال اور 70 فیصد افراد پانچ سال کے اندر دنیا چھوڑ جاتے ہیں۔