آکلینڈ: (روزنامہ دنیا) جسمانی مشقت ہو، متوازن غذا ہو یا پھر اچھی نیند، ان تینوں کو صحت کیلئے اہم قرار دیا جاتا ہے لیکن اب نیوزی لینڈ کے طبّی ماہرین نے دریافت کیا ہے کہ رات کی اچھی نیند سے ہماری صحت کو سب سے زیادہ فائدہ پہنچتا ہے۔
آن لائن تحقیق میں 1,111 رضاکار شریک کئے گئے جن کی عمریں 18 سے 25 سال کے درمیان تھیں۔ یونیورسٹی آف اوٹاگو میں یہ تحقیق ‘شے روبی وکہام’ اور ان کے ساتھیوں نے انجام دی جس کی تفصیلات ‘‘فرنٹیئرز اِن سائیکالوجی’’ ریسرچ جرنل میں شائع ہوئی ہیں۔
آسان زبان میں اس تحقیق کے نتائج کا خلاصہ یہ ہے کہ اچھی ذہنی و جسمانی صحت کیلئے رات کے وقت پوری اور ‘‘معیاری’’ نیند لینا سب سے زیادہ ضروری ہے ؛ دوسرا نمبر جسمانی مشقت کا ہے جس میں پیدل چلنے سے لے کر باقاعدہ ورزش تک شامل ہیں جبکہ تیسرے نمبر پر متوازن غذا آتی ہے جو تمام اہم غذائی اجزا مناسب مجموعہ ہو۔