واشنگٹن: (روزنامہ دنیا) دنیا اس وقت کورونا کی لپیٹ میں ہے اور اس تناظر میں بائیو بٹن نامی ایک اہم ایجاد سامنے آئی ہے جسے بالخصوص سینے پر چپکایا جاسکتا ہے۔
سکے کی جسامت کا یہ برقی بٹن کسی سٹیکر کی طرح سینے سے چپک جاتا ہے۔ آن ہونے کے بعد یہ مسلسل جسمانی درجہ حرارت، دل کی دھڑکن، سانس کی آمدورفت، جسمانی سرگرمی اور نیند کے عمل کو نوٹ کرتا رہتا ہے۔
اس طرح دیگر کئی علامات کو نوٹ کر کے یہ بتاسکتا ہے کہ پہننے والا کورونا سے متاثر ہوچکا ہے یا نہیں، خواہ خود مریض کسی ظاہری علامات کا شکار نہ ہوا ہو۔
اس ایجاد کو لاس ویگاس میں سالانہ ‘کنزیومرالیکٹرانک شو’ کی آن لائن تقریب میں پیش کیا گیا ہے اور اسے سال 2021 کی صحت کے شعبے میں بہترین اختراع بھی قرار دیا گیا ہے۔
دوسری خاص بات یہ ہے کہ بائیو بٹن کووڈ 19 کیلئے دی جانے والی ویکسین پر بھی نظر رکھتا ہے۔