ذیابیطس سے قبل پری ڈائبیٹیز کی 6 اقسام دریافت

Published On 12 January,2021 01:06 pm

برلن: (روزنامہ دنیا) ہم جانتے ہیں کہ ذیابیطس کے کنارے پہنچنے والے افراد ‘پری ڈائبیٹیز’ کہلاتے ہیں۔

ان کی اکثریت میں جلد یا بدیر ٹائپ ٹو ذیابیطس میں مبتلا ہونے کا خطرہ بڑھ جاتا ہے اور اس کیفیت کے شکار افراد کی اکثریت شوگر کی مریض بن جاتی ہے۔ اس ضمن میں 900 افراد کا 25 سال تک مطالعہ کیا گیا ہے۔

ماہرین نے ذیابیطس سے پہلے کی کیفیت کو بہت سے بائیو مارکرز یعنی گلوکوز کی مقدار، جگر کی چکنائی، جسمانی چکنائی کی تقسیم، خون میں لائپڈ کی مقدار اور جینیاتی خطرات کی بنا پر دیکھا ہے۔

سائنسدانوں کے مطابق 6 ذیلی اقسام میں ٹائپ ٹو ذیابیطس کا خطرہ مختلف ہوتا ہے اور اس سے ڈاکٹروں کو قدرے مؤثر علاج میں بھی مدد مل سکے گی۔

جرمن سنٹر برائے ذیابیطس ریسرچ کے پروفیسر ہانس الرخ ایرنگ کہتے ہیں کہ تحقیق سے ذیابیطس جیسے مرض کو بہتر طور پر قابو کرنے میں مدد مل سکے گی۔